.

مصر: فوجی طیارہ دورانِ پرواز گر کر تباہ، 6 ہلاک

حادثہ فنی خرابی کی بنا پر پیش آیا، آرمی چیف کا تحقیقات کا حکم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کا ایک فوجی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں اس میں سوار چھے فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

مصری فوج کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ قاہرہ سے ایک سو کلومیٹر جنوب میں صوبہ فایوم کے علاقے قم عوشیم میں فنی خرابی کی بنا پر حادثے کا شکار ہوا ہے۔اس میں سوار چھے فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

بیان میں حادثے کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی ہے اور نہ یہ فوری طور پر پتا چل سکا ہے کہ طیارہ کس قسم کا تھا۔ مصری آرمی چیف جنرل صدقی صبحی نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ 25 جون کو جزیرہ نما سیناء میں جنگجوؤں نے فوج کا ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا تھا اور اس میں سوار پانچ فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔جنگجو سیناء اور دارالحکومت قاہرہ سمیت مختلف شہروں میں گذشتہ سال جولائی میں منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے سکیورٹی فورسز پر حملے کررہے ہیں۔

قاہرہ میں اتوار کو وزارتِ خارجہ کے ہیڈ کوارٹرز کے باہر ایک چیک پوائنٹ کے نزدیک بم دھماکے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور چھے افراد زخمی ہوگئے ہیں۔