امریکی نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے استعفے کا باضابطہ اعلان کر دیا

شوہر کی ہڈیوں کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص کے بعد ان کی دیکھ بھال کے لیے عہدہ چھوڑ رہی ہوں: گبارڈ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

امریکی نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے سے استعفے کا اعلان کر دیا۔ گیبارڈ نے اوول آفس میں منعقدہ ایک ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔

گیبارڈ نے ٹرمپ کے نام ایک خط ، جسے انہوں نے ایکس پلیٹ فارم پر شائع کیا، میں لکھا کہ وہ اپنے شوہر کی ہڈیوں کے ایک انتہائی نایاب قسم کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص کے بعد ان کی دیکھ بھال کے لیے اپنا عہدہ چھوڑ رہی ہیں اور ان کا آخری دن 30 جون ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے شوہر کو آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مرحلے پر میرے لیے ضروری ہے کہ میں عوامی خدمت سے دور رہوں تاکہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ رہ سکوں اور ان کی مکمل مدد کر سکوں۔ تلسی گیبارڈ نے مزید کہا کہ ابراہام ہماری شادی کے گیارہ سالوں کے دوران میرا سہارا رہے ہیں، جہاں وہ مشترکہ خصوصی آپریشنز کے مشن پر مشرقی افریقہ میں میری تعیناتی، کئی سیاسی مہمات اور اب اس عہدے پر میری خدمت کے دوران مضبوطی سے کھڑے رہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اپنے ضمیر کے مطابق اپنے شوہر سے یہ نہیں کہہ سکتی کہ وہ اس لڑائی کا تنہا سامنا کریں اور میں اس وقت طلب عہدے پر برقرار رہوں۔ تلسی گیبارڈ نے کہا کہ انہوں نے ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کے دفتر میں بڑی پیش رفت کی ہے جہاں انہوں نے بے مثال طریقے سے شفافیت کو فروغ دیا اور انٹیلی جنس برادری میں دیانتداری کو بحال کیا لیکن انہوں نے کہا کہ وہ یہ سمجھتی ہیں کہ ابھی بھی اہم کام کرنا باقی ہے۔

انہوں نے بات جاری رکھی اور کہا میں آنے والے ہفتوں میں ایک ہموار اور جامع منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہوں تاکہ آپ کو اور آپ کی ٹیم کو قیادت یا رفتار میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے یہ کہتے ہوئے بات ختم کی کہ میں اس انتہائی حساس اور مشکل وقت میں جو ہمارے خاندان پر گزر رہا ہے آپ کی تفہیم کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

فرسٹ ڈپٹی ان کا جانشین مقرر

دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ تلسی گیبارڈ 30 جون کو اپنا عہدہ چھوڑ دیں گی اور انہوں نے ان کے فرسٹ ڈپٹی کو ان کا جانشین مقرر کرنے کا اشارہ کیا۔

انہوں نے "ٹروتھ سوشل" پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بدقسمتی سے اور ایک شاندار کام کرنے کے بعد تلسی گیبارڈ 30 جون کو انتظامیہ چھوڑ دیں گی۔ ان کے شاندار شوہر، ابراہام میں حال ہی میں ہڈیوں کے ایک نایاب کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور اسی لیے وہ علاج کے سفر کے دوران ان کے ساتھ رہنے اور ان کی مدد کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ وہ دونوں مل کر اس مشکل لڑائی کو لڑ رہے ہیں۔ اور مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ وہ جلد ہی صحت یاب ہو جائیں گے اور پہلے سے بھی بہتر ہو کر واپس آئیں گے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ تلسی نے شاندار کام کیا ہے اور ہم ان کی کمی محسوس کریں گے۔ نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کے عہدے پر ان کے فرسٹ ڈپٹی آرون لوکاس قائم مقام ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کا عہدہ سنبھالیں گے۔ یاد رہے تلسی گیبارڈ کو فروری 2025 میں امریکہ میں نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر کے عہدے پر اس وقت مقرر کیا گیا تھا جب امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ان کی نامزدگی کی توثیق کی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں