اوباما منگل کو سعودی عرب جائیں گے، بھارتی دورہ مختصر
شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی تعزیت کیلیے شاہ سلمان سے ملیں گے
امریکی صدر اوبامہ نے بھارت کا کل اتوار سے شروع ہونے والا دورہ مختصر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے منگل کے روز سعودی عرب پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ منگل کے روز ریاض میں مرحوم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر نئے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے اظہار تعزیت کریں گے۔
اس سے پہلے نئی دہلی سے خبر آئی تحی کی صدر اوباما کے بھارتی دورے کے تیسرے روز کی مصروفیات میں کمی کرتے ہوئے آگرہ کے تاج محل کی سیر کا پروگرام منسوخ کر دیا گیا ہے۔
اوباما نے اپنی اہلیہ مشعل اوباما کے ساتھ تاج محل منگل کے روز پہنچنا تھا۔ لیکن اب سعودی عرب جانے کے لیے امریکی دفتر خارجہ نے اپنے پروگرام میں تبدیلی اور بھارتی دورہ مختصر کرنے سے آگاہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وائٹ ہاوس نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
اوباما اتوار کے روز بھارتی صدر اور وزیر اعظم سے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر مذاکرات کریں گے جبکہ پیر کو بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ بھارتی زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کے عوام اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔
اس وجہ سے بھارت میں روائتی طور پر چھبیس جنوری کو غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ تاکہ بھارت کشمیریوں کے احتجاج سے اس تقریب کو محفوظ رکھ سکے۔
امریکی صدر اوباما نے اس سے پہلے جمعہ کے روز مرحوم شاہ عبداللہ کے انتقال پر ایک تعزیتی بیان میں انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا تھا۔ بھارتی حکام نے غیر سرکاری انداز میں اوباما کا دورہ مختصر ہونے کی اطلاع دے دی تھی۔