بنغازی میں مارٹر حملے سے پانچ لیبی فوجی ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

لیبیا میں موجود طبی ذرائع کے مطابق مشرقی شہر بنغازی میں حکومت نواز فورسز اور اسلام پسند اتحاد فجر لیبیا کے درمیان جھڑپوں کے دوران ایک مارٹر حملے کے نتیجے میں لیبی فوج کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بنغازی کے الجلاء ہسپتال میں موجود طبی ذرائع نے بتایا کہ" لیبی نیشنل آرمی کے پانچ اہلکار ایک مارٹر حملے کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔"

ذرائع نے بتایا کہ ماہ جون کے آغاز سے اب تک 20 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ لیبی نیشنل آرمی کے محمد حجازی کا کہنا تھا کہ ان کی فورسز شہر کے اردگرد چھ اضلاع میں لڑائی میں مصروف ہیں۔

حجازی کا کہنا تھا "یہ مسلح گروپ اب انفرادی حیثیت میں بلند عمارتوں کو فوجی چوکیوں میں تبدیل کررہے ہیں۔ جنگجوئوں نے تمام گھروں اور سڑکوں کو بموں سے لیس کردیا ہے۔"

لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حامی فوج متعدد اسلام پسند گروپوں سے لڑائی میں مصروف ہے جو کہ سنہ 2011ء میں معمر قذافی کی اقتدار سے معزولی کے بعد اقتدار حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

عراق وشام کے وسیع علاقوں پر قابض انتہاپسند گروپ 'داعش' کے وفادار جنگجوئوں نے بھی بنغازی میں متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے اور وہ لیبیا میں اپنا اثرورسوخ پھیلانے کے لئے پر تول رہے ہیں۔

حکومت نواز فورسز نے پچھلے سال چھن جانے والی کچھ زمین واپس لے لی ہے مگر اب ان کی پیشقدمی میں بہت سست روی آگئی ہے۔

اس تنازعہ کے خاتمے کے لئے اقوام متحدہ کی ثالثی میں مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہیں کیوںکہ فریقین ایک دوسرے کے مطالبات ماننے پر رضامند نہیں ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں