بلغاریہ: یخ بستہ ٹرک سے 130 غیر قانونی تارکینِ وطن برآمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

بلغاریہ کے ترکی کی سرحد کے ساتھ واقع علاقے سے ایک یخ بستہ ٹرک سے قریباً ایک سو تیس تارکین وطن برآمد ہوئے ہیں۔ان میں زیادہ تر شامی ہیں۔بلغاریہ کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ اس ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی خاتون ترجمان نے بتایا ہے کہ ''اڑتیس مرد، تینتیس خواتین اور اٹھاون بچے یخ بستہ ٹرک میں پانی کی بوتلوں کے پیچھے چھپ کر بیٹھے ہوئے تھے اور اس ٹرک کو کپتان،اینڈریفو بارڈر کراسنگ سے پکڑا گیا ہے۔ان تمام افراد کی صحت بہتر ہے اور اس حوالے سے تشویش کی کوئی بات نہیں ہے''۔

واضح رہے کہ جنگ زدہ علاقوں یا دوسرے ممالک سے لوگ بہتر مستقبل کی تلاش میں دشوار گذار راستوں یا یخ بستوں ٹرکوں کے ذریعے یورپ کا سفر کررہے ہیں۔اس دوران ان میں سیکڑوں اپنی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔اس سال اگست میں ایسا ہی ایک الم ناک حادثہ رونما ہوا تھا اور آسٹریا میں ایک ریفریجریٹر لاری سے اکہتر تارکین مردہ حالت میں ملے تھے۔ وہ اس لاری کی یخ بستہ ٹھنڈک کی تاب نہیں لا سکے تھے اور جان کی بازی ہار گئے تھے لیکن ان کی موت کا سبب انسانی اسمگلر تھے جو ان کی لاری کو ایک جگہ پر چھوڑ کر خود بھاگ گئے تھے۔

بلغاریہ میں غیر قانونی راستوں کے ذریعے خفیہ طریقوں سے آنے والے قریباً ایک سو افراد کی روزانہ گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔یہ لوگ پکڑ دھکڑ سے بچنے کے لیے یخ بستہ ٹرکوں میں بیٹھ کر آتے ہیں۔تاہم بلغاریہ میں پڑوسی ملک یونان کے مقابلے میں تارکین وطن کم تعداد میں آرہے ہیں۔

بلغاری حکام کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے آغاز سے قبل تارکین وطن کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ہفتے کے روز پولیس نے مختلف مقامات پر قریباً چھے ہزار گاڑیوں کی تلاشی لی تھی اور سولہ مشتبہ انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ ملک بھر میں چار سو پچانوے غیر قانونی تارکین وطن کو پکڑا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں