رونالڈو سے ملاقات، فلسطینی بچے کا خواب پورا ہونے کے قریب
پانچ سالہ احمد دوابشہ وہ فلسطینی بچہ ہے جس کے گھر پر یہودی آبادکاروں نے حملہ کرکے تمام اہل خانہ کو شہید کردیا تھا۔ دھاوا بولنے والوں نے گھر کو نذر آتش کردیا جس کے نتیجے میں اس میں موجود تمام افراد جل کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے مگر احمد زندہ رہ گیا۔ مغربی کنارے میں گزشتہ جولائی میں پیش آنے والے اس دل دوز واقعے نے فسلطینی معاشرے اور عرب دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
احمد کے عزیزوں کا کہنا ہے گزشتہ برس دل خراش المیے سے گزرنے والے ننھے فلسطینی (جس کا جسم ابھی تک زخموں کے نشانوں سے بھرا ہوا ہے) کا ایک خواب حقیقت کا روپ دھارنے والے ہے اور وہ یہ کہ احمد اپنی پسندیدہ فٹبال ٹیم ریال میڈرڈ کلب سے ملاقات کرے گا۔
احمد دوابشہ اپنے چچا اور دادا کے ساتھ منگل کے روز اردن کے درالحکومت عمان روانہ ہوگیا جہاں سے وہ اسپین کا سفر کرے گا۔ احمد کے دادا حسین دوابشہ نے ایک غیرملکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ "ریال میڈرڈ کلب نے ہمیں دعوت دی ہے تاہم معلوم نہیں کہ کھلاڑیوں سے ہماری ملاقات کس روز ہوسکے گی"۔
توقع ہے کہ احمد دوابشہ اپنے پسندیدہ ترین کھلاڑی، تین بار دنیا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو سے بھی ملاقات کرے گا جنہوں نے اسے چند ہفتوں قبل اپنی ملاقات کی دعوت دی تھی۔
دوسری جانب فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل الرجوب نے کلب کی جانب سے دعوت کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ " یہ ریال میڈرڈ، اس کی انتظامیہ اور رونالڈو کی جانب سے عظیم اقدام ہے تاہم اس معاملے میں ایک گمنام سپاہی بھی ہے جس کے ہم بے حد شکر گزار ہیں اور وہ ہے زین الدین زیدان"۔ الرجوب کا اشارہ فرانس کے سابق فٹبال اسٹار اور ریال میڈرڈ کلب کے موجودہ کوچ کی جانب تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم امید کرتے ہیں کہ انسانیت پر مبنی یہ اقدام اس بچے کے لیے بھرپور طریقے سے معاون ثابت ہوگا جو اپنے گھرانے کے تمام افراد کو کھوچکا ہے"۔
یاد رہے کہ احمد گزشتہ سال پیش آنے والے واقعے میں بری طرح جھلس جانے کے بعد ایک ماہ تک تل ابیب کے نزدیک ہسپتال میں زیر علاج رہا تھا۔ شدت پسند یہودی آبادکاروں نے 31 جولائی 2015 کو نابلس کے قریب گاؤں دوما میں احمد دوابشہ کے گھر کو آگ لگادی تھی۔ اس کے نتیجے میں اس کا ڈیڑھ سالہ بھائی علی دوابشہ فوری طور پر جاں بحق ہوگیا تھا جب کہ والد سعد اور والدہ ریہام شدید زخمی ہوئے.. بعد ازاں یہ دونوں افراد بھی جان کی بازی ہار گئے۔
-
فلسطینی خاندان کو زندہ جلانے والوں کے قریب پہنچ گئے: اسرائیل
ناکافی شواہد کے باعث گرفتاری سے گریز
بين الاقوامى -
یہودیوں کے حملے میں فلسطینی خاندان کا مکان نذرآتش
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے نواح میں انتہا پسند یہودی آبادکاروں نے ایک ...
مشرق وسطی -
''دنیا کے بہترین استاد'' کا ایوارڈ فلسطینی خاتون کے نام !
فلسطینی معلمہ حنان الحروب نے 2016 کے لیے "دنیا کے بہترین استاد" کا ...
ایڈیٹر کی پسند