جزیرہ سیناء میں چرچ پر حملہ، مصری پولیس اہلکار ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

مصر کے جزیرہ نما سیناء میں ایک عیسائی عبادت گاہ کے قریب منگل کے روز فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب شدت پسند تنظیم ’داعش‘ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مصری پولیس اور گرجا گھر کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم گرجا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ مسلح شدت پسندوں نے جزیرہ سینا میں پہاڑی علاقے میں دیر سینٹ کیتھرین کے قریب پولیس کی ایک پارٹی پر حملہ کردیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دہشت گرد بندوق چھوڑ کر فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ مقتول پولیس اہلکار کی شناخت جمال محمد سعید امین کے نام سے کی گئی ہے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر العربیہ کے نامہ نگار کے مطابق ’دیر سینٹ کیتھرین‘ چرچ کے قریب حملے کے بعد چرچ کے پادری پوپ گری گوریس نے بتایا کہ فائرنگ سے چرچ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا اور اس میں موجود تمام افراد اور چرچ کے منتظمین مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

ادھر دوسری جانب شدت پسند تنظیم داعش نے دیر سینٹ چرچ کے قریب حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا ہے اس حملے میں مصری پولیس اور چرچ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل مصر کے شہروں اسکندریہ اور طنطا میں عیسائی عبادت گاہوں پر ہونے والے خود کش حملوں میں 45 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں