دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کے ساتھ ہیں:امارات

اماراتی ولی عہد کا صدر السیسی کو ٹیلیفون

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے دو روز قبل مصر میں دو گرجا گھروں میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ابو ظہبی مصر کے ساتھ ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اماراتی ولی عہد نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو ٹیلیفون کرکے گرجا گھروں میں دھماکوں پر شہریوں کی ہلاکتوں پر تعزیت کی۔ انہوں نے قبطی برادری کے کلیساؤں میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طنطا اور اسکندریہ میں دو گریا گھروں میں خود کش دھماکے دہشت گردوں کی وحشیانہ کارروائی ہیں۔ ان حملوں میں بے گناہ لوگوں کو قتل کیا گیا۔

محمد بن زاید آل نھیان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں سے مصر کی دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مصری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پوری قوت اور عزم کے ساتھ لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس موقع پر مصری صدر نے اماراتی ولی عہد کی طرف سے یکجہتی اور تعاون کی یقین دہانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امارات اور مصر کے عوام کو باہمی تاریخی تعلقات پر فخر ہے۔ السیسی کا کہنا تھا کہ پوری مصری قوم دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ نہ صرف مصر بلکہ تمام عرب ممالک کو دہشت گردی کے ناسور سےجلد ہی نجات ملے گی۔

خیال رہے اتوار کے روز مصر کے شہروں اسکندریہ اور طنطا میں قائم قبطی عیسائیوں کے دو گرجا گھروں میں ہونے والے دھماکوں میں 44 افراد ہلاک اور سو سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں