بحرین : دہشت گردی میں ملوّث 10 افراد پر مشتمل سیل کا خاتمہ
بحرین نے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث دس افراد پر مشتمل ایک سیل کو ختم کرنے کی اطلاع دی ہے۔اس گروہ کا سرغنہ اکتیس سالہ حسین علی احمد داؤد بتایا جاتا ہے۔
حسین داؤد بحرین کی حکومت مخالف جماعت الوفاق اسلامی تحریک کے مسلح ونگ سریہ الاشتر کا لیڈر بتایا جاتا ہے۔ یہ مشتبہ شخص فرار ہو کر ایران جا چکا ہے اور اس وقت وہیں مقیم ہے۔
اس کو بحرین کی ایک عدالت دہشت گردی کے تین مقدمات میں عمر قید کی سزا سنا چکی ہے۔ اس کے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب سے قریبی تعلقات بتائے جاتے ہیں۔
بحرینی حکام کو اس سیل کے خاتمے کے لیے کارروائی کے دوران میں اہم معلومات ملی تھیں اور ان کی مدد سے انھوں نے گنجان آباد شہری علاقوں میں مختلف مقامات سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کیا ہے۔ یہ مواد بم اور دھماکا خیز ڈیوائسز کی تیاری میں استعمال کیا جانا تھا۔
حکام نے اس سیل کے ارکان کے قبضے سے مختلف ہتھیاروں اور انتہائی خطرناک دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا ہے۔اس موادکی مقدار کا تخمینہ 127 کلوگرام بتایا گیا ہے۔