اتحاد ائیرویز کا پائیلٹ ایمسٹرڈیم کے لیے پرواز کے دوران اچانک چل بسا !
اتحاد ائیر ویز کا ایک پائیلٹ بدھ کے روز ابو ظبی سے ایمسٹرڈیم کے لیے پرواز کے دوران اچانک چل بسا ہے۔اس کی ناگہانی موت کے بعد پرواز کو ہنگامی طور پر کویت میں اتار لیا گیا ہے۔
ابو ظبی کی ملکیتی فضائی کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پائیلٹ کی طبیعت خراب ہونے کے بعد طیارے کا رُخ کویت کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔وہاں ایک میڈیکل ٹیم پائیلٹ کے طبی معائنے کے لیے موجود تھی اور اس نے انھیں دیکھنے کے بعد ان کی موت کا اعلان کردیا۔
اتحاد ائیر ویز نے اپنے بیان میں مزید بتایا ہے کہ پائیلٹ کی ابوظبی سے مال بردار طیارے کے اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہی اچانک حالت غیر ہوگئی تھی۔اس پر فرسٹ افسر نے ہنگامی کال کی اور طیارے کا رخ کویت کی جانب موڑ دیا گیا اور اس کو وہاں بہ حفاظت اتار لیا گیا۔
فضائی کمپنی نے اپنے پائیلٹ کی اس طرح دوران پرواز اچانک موت پر ان کے خاندان کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ متوفیٰ کے خاندان کا خیال رکھا جائے گا۔