سعودی عرب : حوثی ملیشیا کا جازان میں ایک اسکول پر میزائل حملہ
یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے جازان کی جانب زمین سے زمین پر مار کرنے والا ایک میزائل داغا ہے جو ایک گاؤں الجرادیہ میں واقع ایک اسکول کی عمارت پر جا کر گرا ہے۔
فوری طور پر اس میزائل حملے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی فورسز کی کمان کے ایک سرکاری ذریعے نے جازان کی گورنری صامطہ میں واقع گاؤں الجرادیہ میں اس میزائل حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے اسکول کی عمارت اور بعض شہری املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
اس ذریعے کا کہنا ہے کہ حوثی باغی سرحد پار سے اپنے میزائل حملوں میں سعودی علاقے میں اسکولوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔