کھیلوں کی تاریخ کا بڑا جنسی اسکینڈل: امریکی ڈاکٹر کو 175 سال کی سزا
کھیلوں کی تاریخ کے بدترین جنسی اسکینڈل میں ملوث امریکی ڈاکٹر کو نشان عبرت بنا دیا گیا۔ اولمپینز سمیت ڈیڑھ سو سے زائد لڑکیوں کے جنسی استحصال پر لاری نصار کو 175 سال کی سزا سنادی گئی۔
ڈاکٹر لاری نصار مشیگن یونی ورسٹی اور یو ایس جمناسٹکس سے وابستہ تھا جہاں اولمپینز کو تربیت دی جاتی ہے۔ وہ جمناسٹ سمیت دیگر بچیوں اور نوجوان خواتین کو اس وقت بھی جنسی ہوس کا نشانہ بناتا جب انہیں زخمی حالت میں فوری مدد کی ضرورت ہوتی۔
ذرائع کے مطابق 7 روزہ سماعت میں ڈیڑھ سو متاثرہ لڑکیوں یا ان کے خاندان کے افراد پیش ہوئے، جنہوں نے لاری کی درندگی کی شرمناک داستانیں پیش کیں۔ ڈاکٹر نے دس واقعات میں اقرار جرم کیا۔
مجرم کے متاثرین سے اظہار ندامت پر خاتون جج نے کہا کہ یہ اس لیے ہے کہ تم پکڑے گئے۔ تم ان خواتین کی حرمت اور لڑکپن نہیں لوٹا سکتے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نصار کے پاس سے بچوں کی قابل اعتراض تصاویر کا ڈیٹا ملنے پر60 سال سزا پہلے ہی سنائی گئی تھی۔