بحر متوسط میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی ، دو عورتیں ہلاک ، 83 کو بچا لیا گیا
بحر متوسط میں اٹلی کے پانیوں میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی ایک کشتی ڈوب جانے سے دوعورتیں ہلاک ہوگئی ہیں اور تین بچوں سمیت تراسی افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
ایک امدادی تنظیم ایس اوایس بحر متوسط نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس الم ناک حادثے کی اطلاع دی ہےاور کہا ہے غرقاب کشتی پر سوار افراد کو بچانے کے لیے امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔اس تنظیم نے کشتی پر سوار افراد میں سے تراسی کو بچانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ دو عورتیں ڈوب گئی ہیں اور ان کے بچے یتیم ہوگئے ہیں۔
فرانس سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹروں کی تنظیم طبیبان ماورائے سرحد کا کہنا ہے کہ ابھی تک کشتی پر سوار بہت سے افراد لاپتا ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ ڈوب گئے ہیں۔ ان میں بچے بھی شامل ہیں۔
اٹلی کے ساحلی محافظوں نے ہفتے کے رو ز اطلاع دی تھی کہ انھوں نے پانچ مختلف کارروائیوں میں کل 800 افراد کو سمندر میں ڈوبنے سے بچایا ہے۔
اٹلی کے محکمہ داخلہ کے مطابق جنوری کے آغاز سے اب تک ملک کے ساحلی علاقوں میں 2730 تارکین وطن پہنچ چکے ہیں۔تاہم گذشتہ سال اٹلی اور لیبیا کے درمیان ایک متنازع سمجھوتے کے بعد سے غیر قانونی تارکین وطن کی یورپی ممالک میں آمد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔