.

یمنی حوثیوں کا الحدیدہ کی بندرگاہ سے مغرب میں سعودی آئیل ٹینکر پر حملہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اطلاع دی ہے کہ یمن کی بندرگاہ الحدیدہ کے نزدیک ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے منگل کی دوپہر سعودی عرب کے تیل کے ایک ٹینکر پر حملہ کیا ہے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ٹھیک ڈیڑھ بجے الحدیدہ کی بندرگاہ کے مغرب میں بین الاقوامی پانیوں میں سعودی عرب کے آئیل ٹینکر کو حملے میں نشانہ بنایا ہےلیکن عرب اتحاد کے ایک بحری جہاز نے اس حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اس حملے میں سعودی آئیل ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا ہے ۔اس کے بعد اس نے عرب اتحاد کے بحری جہاز کی معیت میں شمال کی جانب اپنا سفر جاری رکھا ہے۔

کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ اس حملے سے بحیرۂ احمر اور آبنائے باب المنداب میں جہاز رانی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے خطرات پیدا ہوگئے ہیں اور مسلسل ایسے حملوں سے ان ملیشیاؤں اور ان کے پشتیبان ممالک سے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو لاحق خطرات کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حدیدہ کی بندرگاہ ابھی حوثی ملیشیا کے کنٹرول میں ہے اور اس کو بحری جہازوں پر حملوں اور میزائل اور دوسرے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ اتحادی فورسز کی قیادت ایسے خطرات سے نمٹنے اور یمن کے علاوہ علاقے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔ اس کے علاوہ وہ آبنائے باب المنداب اور بحیرہ ٔاحمر میں بین الاقوامی جہاز رانی اور تجارتی بحری جہازوں کی آزادانہ آمد ورفت کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔