سعودی عرب اور روس میں تعاون سے دنیا کو فائد ہ پہنچے گا: شہزادہ محمد کی پوتین سے گفتگو
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روسی صدر ولادی میر پوتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا۔
سعودی ولی عہد جمعرات کو روس میں فٹ بال کے عالمی کپ ٹورنا منٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور میچ دیکھنے کے لیے آئے ہیں۔ یہ میچ میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان کھیلا گیا اور روس نے سعودی ٹیم کو پانچ گول سے شکست دے دی ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد نے روسی صدر ولادی میر پوتین اور توانائی کے وزیر الیگزینڈر نوواک سے ملاقات کی ہے۔ان کے ساتھ سعودی وزیر توانائی خالد الفالح اور وفد کے دوسرے ارکان بھی موجود تھے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات میں عالمی سطح پر تیل کی پیداوار میں کمی سے متعلق سمجھوتے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔البتہ وہ اس سمجھوتے سے دستبرداری کے بارے میں کوئی غور نہیں کریں گے۔