امریکی وزیر خارجہ کا سعودی عرب کے ساتھ مضبوط شراکت داری پر ولی عہد سے اظہار تشکر
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فون پر بات چیت کی ہے اور ان سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلووں ، اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ہیتھر نوئرٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مائیک پومپیو نے سعود ی ولی عہد کا ان کی امریکا سے جاری مسلسل اور مضبوط شراکت داری پر شکریہ ادا کیا ہے۔
بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اور سعودی ولی عہد نے دوطرفہ امور کے علاوہ یمن کی تازہ صورت حال اور خطے میں ایران کی تخریبی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات سمیت اہم علاقائی امور پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔انھوں نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔