مارٹن گریفتھس یمنی حکومت کی قیادت سے بات چیت کے لیے صنعاء سے الریاض روانہ
اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفتھس ہفتے کے روز صنعاء میں حوثی باغیوں کی قیادت سے بات چیت کے بعد سعودی دارالحکومت الریاض روانہ ہوگئے ہیں ۔وہ وہاں یمن کی قانونی حکومت کے عہدے داروں سے سوموار کے روز بات چیت کریں گے۔
مارٹن گریفتھس سویڈن میں دسمبر کے اوائل میں حوثی ملیشیا اور یمن کی قانونی حکومت کے درمیان امن مذاکرات کی تیاریوں کے سلسلے میں بدھ کو صنعاء پہنچے تھے۔انھوں نے حوثی ملیشیا کی قیادت سے ان مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی ہے۔
انھوں نے جمعہ کو یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ کا دورہ کیا تھا۔اس شہر اور اس کی بندرگاہ پر کنٹرول کے لیے اس وقت ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا اور یمنی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
انھوں نے الحدیدہ کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر صحافیوں کو بتایا ہے کہ انھوں نے حوثی لیڈروں کے ساتھ امن کے قیام میں اقوام متحدہ کے کردار کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
عالمی ایلچی نے کہا :’’ ہم نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ اقوام متحدہ کو اس بندرگاہ میں عالمی ادارے کو قائدانہ کردار سونپنے کے لیے متحرک انداز میں اور فوری طور پر تفصیلی مذاکرات کا عمل شروع کرنا چاہیے‘‘۔