روسی صدر پوتین جی 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ارجنٹینا میں جمعہ سے شروع ہونے والے دنیا کے بڑے صنعتی ملکوں پر مشتمل گروپ 20 کے سربراہ اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادی میر پوتین سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔کریملن نے بدھ کو ایک بیان میں اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔

دریں اثناء روسی صدر ولادی میر پوتین نے ماسکو میں منعقدہ ایک مالیاتی فورم میں تقریر کرتے ہوئے تیل پیدا کرنے ولے ممالک (اوپیک) اور ان کے اتحادیوں کے درمیان تیل کی پیداوار سے متعلق سمجھوتے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو سراہا ہے۔انھوں نے کہا کہ روس اوپیک کے رکن ممالک سے رابطے میں ہے اور وہ اس تنظیم کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سربراہ اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

کریملن نے اس توقع کا بھی اظہار کیا ہے کہ صدر ولادی میر پوتین اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بیونس آئرس میں اب بھی ملاقات کا امکان ہے۔امریکی صدر اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات سے انکار کرچکے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے منگل کے روز واشنگٹن پوسٹ میں شائع شدہ ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ روس کے گذشتہ ہفتے یوکرین کے تین بحری جہازوں پر قبضے کے بعد صدر پوتین سے اپنی طے شدہ ملاقات کو منسوخ کر سکتے ہیں۔

تاہم کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملاقات کی تنسیخ کے حوالے سے روس کو امریکا کی جانب سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں گروپ 20 کے سربراہ اجلاس کے ایجنڈے میں موسمیاتی تبدیلی ، اسٹیل اور تارکینِ وطن کے مسائل کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں