.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان عظیم دیوارِ چین پر : تصاویر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد ، وزیر دفاع اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو چین کے دورے کے پہلے روز تاریخی اورعظیم دیوارِ چین کی سیر کی ہے اور اس کے مختلف حصے دیکھے ہیں۔

الریاض میں متعیّن چینی سفیر لی ہوا شین اور بعض دوسرے اعلیٰ حکومتی عہدے دار بھی ان کے ہمراہ تھے اور انھوں نے شہزادہ محمد بن سلمان کو دیوارِ چین کے تاریخ اور دفاعی اہمیت سے آگاہ کیا۔

سعودی ولی عہد کے نجی دفتر کے ذمے دار بدرالعساکر نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ سعودی ولی عہد نے تاریخی اور ثقافتی سنگ ِ میل کی اہمیت کی حامل دیوارِ چین کا دورہ کیا ہے اور تصاویر میں انھیں اس کے سب سے مقبول حصے بڈالنگ پر چلتے ہوئے د یکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ عظیم دیوارِ چین کی تیسری صدی قبل مسیح سے سترھویں صدی تک مسلسل تعمیر جاری رہی تھی اور یہ ملک کے شمال میں فوجی دفاع اور غیرملکی حملہ آوروں کو روکنے کے لیے تعمیر کی گئی تھی۔ آج اس کو دنیا کے عظیم عجائبات میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ سے قبل چین کے دورے پر آنے والے مختلف عالمی لیڈر بھی دنیا کے اس عظیم اور قدیم اعجوبے کی سیر کرچکے ہیں۔ان میں سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن ، سابق برطانوی وزیراعظم مارگریٹ تھیچر اور سابق امریکی صدر براک اوباما بھی شامل ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان ایشیائی ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں چین پہنچے ہیں۔اس سے پہلے اسی ہفتے انھوں نے پاکستان اور بھارت کا دو ، دو روزہ دورہ کیا ہے۔ انھوں نے ملائشیا اور انڈونیشیا کے دورے پر بھی جانا تھا لیکن ان کی مصروفیات کے پیش نظر ان دونوں ملکوں کے دورے فی الحال ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد چینی صدر شی جین پنگ سے ملاقات کریں گے اور ان سے چین ، سعودی عرب دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور چین کے ’بیلٹ اور روڈ اقدام‘ کے تحت منصوبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔