میڈیا مجھے نیوزی لینڈ حملوں کا ذمے دار ٹھہرانے کی "بے ہودہ" کوشش کر رہا ہے : ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر خونی دہشت گرد حملوں کے بعد خود پر ہونے والی نکتہ چینی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پیر کے روز حسب عادت ٹویٹر پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ "جھوٹی خبریں پھیلانے والا میڈیا ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ہونے والے خوف ناک حملے کا ذمے دار مجھے ٹھہرا دے ... انہیں یہ ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگانا ہو گا۔ یہ انتہائی بے ہودہ بات ہے!".
The Fake News Media is working overtime to blame me for the horrible attack in New Zealand. They will have to work very hard to prove that one. So Ridiculous!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) March 18, 2019
ٹرمپ نے جمعے کے روز کرائسٹ چرچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے " خوف ناک کارروائی" قرار دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ دنیا میں سفید فام نسلی برتری کا نظریہ کوئی پھیلتا ہوا خطرہ نہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "میں سمجھتا ہوں کہ یہ معاملہ ایک چھوٹے مجموعے سے متعلق ہے جس میں شامل افراد کو بڑے مسائل کا سامنا ہے"۔
یاد رہے کہ کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں فائرنگ کر کے 50 افراد کو شہید کر دینے والے 28 سالہ آسٹریلوی انتہا پسند برینٹن ٹیرینٹ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں اپنی کارروائی کے بارے میں اعلان کیا تھا۔ یہ بیان نسل پرستی اور نظریہ سازش کے متعلق اشاروں سے بھرا ہوا تھا۔