عرب اتحاد کے یمنی دارالحکومت صنعاء میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے
عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کی رات یمن کے دارالحکومت صنعاء میں حوثی شیعہ باغیوں کے دو ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔
عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صنعاء میں حوثیوں کی جن دو تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے ، وہاں انھوں نے بغیر پائیلٹ طیارے ( ڈرون) رکھے ہوئے تھے۔بیان میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے فضائی حملوں میں نشانہ بنائی گئی جگہوں کے قریب نہ جائیں۔
العربیہ کے ذرائع نے یمن کے صوبہ البیضاء میں بھی عرب اتحاد کے حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کی تصدیق کی ہے۔
قبل ازیں عرب اتحاد نے صنعاء میں الدلیمی ائیربیس سمیت حوثیوں کے فوجی کیمپوں پر بمباری کی تھی۔ان حملوں سے چند گھنٹے پہلے ہی حوثی ملیشیا نے یمنی دارالحکومت کے نواح میں عرب اتحاد کا ایک لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
ادھر شمالی صوبہ صعدہ کے ضلع کتاف البوق میں عرب اتحاد کی حمایت یافتہ یمن کی قومی فوج نے حوثیوں کے زیر قبضہ تزویراتی اہمیت کی حامل بہت سے چوکیاں اور جگہیں واگزار کرالی ہیں اور وہاں سے حوثی ملیشیا کو پسپا کردیا ہے ۔