پینٹاگون : میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کے لیے ایک ارب ڈالر کی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکا میں پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شنہن نے میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کی تعمیر کے سلسلے میں وزارت دفاع کے بجٹ سے ایک ارب ڈالر خرچ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مذکورہ سرحدی دیوار کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں۔

پیر کے روز جاری بیان میں امریکی وزارت دفاع نے بتایا کہ شنہن نے امریکی بری افواج کے انجینئرنگ بریگیڈ کے کمانڈر کو اس بات کی اجازت دے دی ہے کہ وہ داخلہ سکیورٹی کی وزارت کے واسطے ایک ارب ڈالر تک کی سپورٹ کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درامد کا آغاز کریں۔ داخلہ سکیورٹی کی وزارت نے پینٹاگون سے مطالبہ کیا تھا کہ میکسیکو کے ساتھ سرحد پر 92 کلو میٹر طویل اور 5.5 میٹر بلند باڑھ تعمیر کی جائے۔

پینٹاگون نے اس سلسلے میں شنہن کا بیان پیر کی شام تاخیر سے جاری کیا۔

کانگریس کی جانب سے مذکورہ سرحدی دیوار کی تعمیر کی فنڈنگ کی منظوری مسترد کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد ٹرمپ نے 15 فروری کو سرحد پر "نیشنل ایمرجنسی" کا اعلان کر دیا۔ یہ ایک استثنائی اقدام تھا جس کے ذریعے وہ پارلیمنٹ کے ارکان سے تجاوز کرتے ہوئے اپنے منصوبے کے واسطے 8 ارب ڈالر سے زیادہ کی فنڈنگ حاصل کر سکتے ہیں۔

اس استثنائی اقدام نے کانگریس میں ٹرمپ کے حریف ڈیموکریٹس اور حلیف ریپبلکنز کے اندر غصے کی لہر دوڑا دی۔ ریپبلکنز کو اندیشہ ہے کہ ٹرمپ کا یہ قدم مستقبل میں کسی ڈیموکریٹ صدر کے لیے اس بات کی راہ ہموار کر سکتا ہے کہ وہ سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لیے کانگریس کے ارادے سے بچنے کے واسطے اسی اقدام کا سہارا لیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں