یمن میں جیل نہیں، فوجی اڈے کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا:عرب اتحاد
سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے یمن کے دارالحکومت صنعاء کے جنوب میں واقع صوبے ذمار میں حوثی ملیشیا کے فوجی اہداف کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے او ر کسی جیل پر حملہ نہیں کیا ہے۔
عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ذمار میں حوثیوں کے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے، یہ ایک جائز ہدف تھا اور اتحاد کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں کہ وہاں کوئی جیل نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا ’’حوثیوں کے پاس موجود جدید ہتھیاروں سے ثابت ہوتا ہے کہ وہاں ایرانی پاسداران انقلاب کے عناصر موجود تھے اور حوثیوں کو الحدیدہ کی بندر گاہ سے ہتھیار پہنچائے جا رہے ہیں۔‘‘
ترجمان نے واضح کیا کہ عرب اتحاد نے ذمار میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کے لیے شہریوں کے تحفظ کی غرض سے تمام پیشگی ضروری اقدامات کیے تھے۔
عرب اتحاد نے قبل ازیں آج ایک بیان میں کہا تھا کہ ذمار میں حوثیوں کی ڈرونز اور میزائلوں کی ایک ذخیرہ گاہ کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے اور اس کو بمباری میں تباہ کردیا گیا ہے۔
اس نے بھی بیان میں کہا کہ ’’ یہ کارروائی بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق کی گئی ہے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام پیشگی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔‘‘