امریکی وزیر خارجہ پومپیو اسی ماہ سفارتی مشن پر سعودی عرب اور عُمان آئیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اسی ماہ ایک سفارتی مشن پر سعودی عرب اور خلیجی ریاست عُمان آئیں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ مائیک پومپیو 19سے 21 فروری تک الریاض میں ہوں گے۔ وہ سعودی قیادت سے ایران اور یمن سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ 13 فروری کو امریکا سے روانہ ہوں گے۔ وہ سعودی عرب کے سرکاری دورے سے قبل جرمنی ، سینی گال ، انگولا اور ایتھوپیا جائیں گے۔

وہ الریاض کے بعد عُمان جائیں گے جہاں وہ اس خلیجی سلطنت کے نئے سلطان ہیثم سے ملاقات کریں گے اور ان سے سابق سلطان قابوس بن سعید کی وفات پر تعزیت کا اظہار کریں گے۔

مائیک پومپیو خطے کا یہ دورہ ایسے وقت میں کررہے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان گذشتہ ماہ القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے کشیدگی پائی جارہی ہے۔قاسم سلیمانی تین جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک امریکا کے ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

ان کی ہلاکت کے ردعمل میں ایران نے عراق میں امریکی فوج کے دو اڈوں پر میزائل داغے تھے جن کے نتیجے امریکی حکام کے بہ قول چونسٹھ فوجی زخمی یا متاثر ہوئے ہیں۔

سعودی عرب نے خطے میں ایران کی تخریبی سرگرمیوں پر اپنی تشویش کااظہار کیا ہے اور کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں