یو اے ای :کرونا وائرس کے 6 نئے کیسوں کی تصدیق، اسکول ایک ماہ کے لیے بند

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات میں حکام نے منگل کے روز کرونا وائرس کے چھے نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے جبکہ وزارت تعلیم نے اس مہلک وائرس سے درپیش خطرے کے پیش نظر آیندہ اتوار سے ملک بھر میں ایک ماہ کے لیے تمام اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یو اے ای کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے چھے نئے افراد میں دو کا تعلق روس ، دو کا اٹلی ، ایک کا جرمنی اور ایک کا کولمبیا سے ہے۔ان کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد ستائیس ہوگئی ہے۔

Advertisement

یو اے ای نے سوموار کو ایران میں موجود اپنے شہریوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے نکال لیا تھا۔ ان کا انخلا کرونا وائرس کو پھیلنےسے روکنے کی کوششوں کے ضمن میں کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ یو اے ای میں چین اور ایران سے آنے والے بعض افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

دریں اثناء متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے آیندہ اتوار سے ملک بھر میں تمام اسکولوں کو ایک ماہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسکولوں میں موسم بہار کی چھٹیوں کا اب 15 مارچ کے بجائے 8 مارچ سے آغاز ہوگا اور یہ دو ہفتے تک جاری رہیں گی۔

اس کے بعد مزید دوہفتے تک اسکول بند رہیں گے مگر طلبہ و طالبات کی فاصلاتی نظام کے تحت تدریسی سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی۔ان چھٹیوں کا 22 مارچ سے آغاز ہوگا اور یہ پانچ اپریل تک جاری رہیں گی۔فاصلاتی تدریس کا بدھ کو بعض منتخب سرکاری اسکولوں میں آزمائشی بنیاد پر تجربہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزارت تعلیم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفظ ماتقدم کے طور پر گذشتہ ہفتے تمام اسکولوں میں غیر نصابی سرگرمیاں تاحکم ثانی معطل کردی تھیں۔ وزارت نے گذشتہ ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اتوار سے تمام اسکولوں کے تعلیی دوروں اور سیر پر پابندی عاید کی جارہی ہے اور تمام نرسریاں بھی تاحکم ثانی بند رہیں گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں