.

کرونا وائرس :12 مسافروں کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یونان اورقطر کے درمیان پروازیں معطل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یونان نے دوحہ سے آنے والے ایک طیارے میں سوار 12 مسافروں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قطر کے لیے تمام پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی ہے۔

کرونا وائرس کا شکار ہونے والے مسافروں کی پروازقطری دارالحکومت سے گذشتہ سوموار کو ایتھنز آئی تھی اور اس میں 91 افراد سوار تھے۔ انھیں آمد کے بعد ایک ہوٹل میں قرنطین کردیا گیا تھا اور پھر ان کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

یونان کی شہری تحفظ کی وزارت کے مطابق جن افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں،انھیں اب 14 روز کے لیے قرنطین کردیا گیا ہے اور جن کا ٹیسٹ منفی ہے، وہ مزید سات روز تک ہوٹل ہی میں الگ تھلگ رہیں گے۔

جن افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، ان میں نو پاکستانی ہیں۔ ان کے پاس یونان کے اقامتی کاغذات ہیں۔دو یونانی شہری ہیں۔وہ آسٹریلیا سے دوحہ کے راستے ایتھنز پہنچے ہیں۔ایک شخص یونانی، جاپانی خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔

یونان اور قطر کے درمیان 15 جون تک پروازیں معطل رہیں گے۔

واضح رہے کہ یونان میں دوسرے یورپی ممالک کے مقابلے میں کووِڈ-19 کے بہت کم تعداد میں کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس نے 4 مئی سے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کرنا شروع کردی تھی۔ یونان نے منگل تک کرونا وائرس کے 2937 کیسوں کی اطلاع دی ہے اور 179 اموات ہوئی ہیں۔