.

پرتگیزی فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عالمی شہرت یافتہ پرتگیزی فٹ بال فارورڈ کرسٹیانو رونالڈ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور ان کا کووِڈ-19 کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

پرتگال کی فٹ بال فیڈریشن نے منگل کے روز اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں 35 سالہ فٹ بالر کے مہلک وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے اور وہ بدھ کو یو ای ایف اے نیشنز لیگ فٹ بال ٹورنا منٹ میں اپنی ٹیم کے سویڈن کے خلاف میچ میں حصہ نہیں لیں گے۔

فیڈریشن نے بتایا ہے کہ رونالڈو میں کرونا وائرس کی علامات تو ظاہر نہیں ہوئی ہیں لیکن انھوں نے خود کو قرنطین کر لیا ہے۔اس نے مزید بتایا ہے کہ پرتگال کی پوری فٹ بال ٹیم کا کووِڈ-19 کا ٹیسٹ کیا گیا ہے اور ان میں سے صرف رونالڈو کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔جن کھلاڑی کے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی رہا ہے، وہ تمام سویڈن کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ رونالڈو کو پانچ مرتبہ سال کا بہترعالمی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔انھوں نے اتوار کو نیشنز لیگ میں فرانس کی فٹ بال ٹیم کے خلاف میچ میں حصہ لیا تھا۔پرتگال اور فرانس میں یہ میچ صفر،صفر سے برابر رہا تھا۔گذشتہ بدھ کو انھوں نے اپنے ملک میں اسپین کی ٹیم کے خلاف ایک دوستانہ میچ کھیلا تھا۔ یہ میچ بھی کسی گول کے بغیر برابر رہا تھا۔