دبئی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ سمندر کنارے تفریح طبع کے لیے جانے والے کروناوائرس سے بچاؤ کی غرض سے چہرے پر ماسک پہن کررکھیں، سماجی فاصلہ اختیار کریں اور دوسری پابندیوں کی پاسداری کریں ، ورنہ انھیں جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
دبئی بیچز پر موسم سرما میں بالعموم بہت رش ہوتا ہے اور مقامی لوگوں اور غیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد وقت گزاری کے لیے ساحل سمندر کا رُخ کرتی ہے۔دبئی میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن اس پابندی کے باوجود بیچز پر لوگ چہرے پرماسک کے بغیر دیکھے گئے ہیں۔
اس کے پیش نظر ہی دبئی پولیس نے اتوار کو نیا انتباہ جاری کیا ہے۔اس نے کہا ہے کہ بیچز پر چہرے پر ماسک پہننا لازمی ہے۔اگر کوئی بھی شخص اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا تو اس پر پابندیاں عاید کردی جائیں گی۔
دبئی پولیس نے ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے۔اس میں اس نے کہا ہے کہ دبئی کے ساحلی علاقے میں درج ذیل پابندیوں کی پاسداری کی جائے:
1۔ چہرے پر ماسک پہنیں۔
2۔اپنے اوردوسرے لوگوں کے درمیان میل ملاقات کے وقت طے شدہ فاصلہ اختیار کریں۔
3۔پانچ سے زیادہ افراد کسی ایک جگہ اکٹھے نہ ہوں۔البتہ ایک ہی خاندان کے افراد کو اجتماع کی اجازت ہے۔
4۔ان قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر پابندیاں عاید کی جائیں گی۔
دبئی کی دو پبلک بیچز ، کائٹ اور جمائرہ پر سیاحوں اور مقامی لوگوں کا بالعموم بڑا رش ہوتا ہے۔ان کے علاوہ دبئی میں بعض نجی بیچز اور کلب بھی ہیں۔امارت دبئی نے مارچ میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد بیچز اور سیاحتی مقامات کو عوام کے لیے بند کردیا تھا لیکن موسم گرما میں میں حالات بہتر ہونے کے بعد انھیں بعض شرائط کے ساتھ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
Your safety is our priority. Therefore, kindly follow precautionary measures while visiting #Dubai shores.
— Dubai Policeشرطة دبي (@DubaiPoliceHQ) October 24, 2020
Collaborate with us to ensure your safety.
Collaboration is the key for everyone's’ safety.#CommitToWin#we_are_all_responsible pic.twitter.com/8au0vhgfJv
دبئی سمیت متحدہ عرب امارات میں حال ہی میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے اور ماہرین کے مطابق دنیا کے دوسرے ملکوں کی طرح اب یو اے ای میں بھی کرونا وائرس کی دوسری لہر چل رہی ہے۔
گذشتہ جمعرات کو یواے ای نے کووِڈ-19 کے 1578نئے کیسوں کی اطلاع دی تھی۔ملک میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد ایک دن میں یہ سب سے زیادہ تشخیص شدہ کیس تھے۔واضح رہے کہ یو اے ای میں پانچ اکتوبر کے بعد سے کووِڈ-19 کے 1000 سے زیادہ یومیہ مریضوں کی تشخیص ہورہی ہے۔