امریکا سے تعلقات میں بگاڑ پر فرانس نے واشنگٹن میں تقریب منسوخ کر دی

آکوس AUKUS سکیورٹی اتحاد سے انڈوپیسفک تعلقات میں نیا موڑ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے ایک نئے سکیورٹی اتحاد آکوس AUKUS کا اعلان کیا ہے جس کے تحت آسٹریلیا کو نیوکلیئر سب میرینز مہیا کی جائیں گی اور یہ اتحاد انڈوپیسفک تعلقات کی نئی جہتیں بھی تلاش کرے گا جو علاقائی حدود سے باہر بھی ممکن ہو سکتی ہیں۔

ادھر برطانیہ، آسٹریلیا اور امریکا کے نئے معاہدے میں فرانس کی عدم شمولیت پر واشنگٹن اور پیرس کے درمیان تعلقات خراب ہو گئے ہیں۔ معاہدے کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے 24 گھنٹوں میں ہی فرانس نے معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے اسے ’’ہم آہنگی کی کمی‘‘ قرار دیا ہے۔

Advertisement

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے آسٹریلوی ہم منصب سے جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں فرانس کو اہم پارٹنر تسلیم کیا ہے، اس کے باوجود فرانس نے واشنگٹن میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب منسوخ کر دی ہے۔

نیویارک ٹائمز نے واشنگٹن میں فرانسیسی عہدیدار کے حوالے بتایا کہ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے استقبالیہ تقریب فرانسیسی سفارت خانے اور امریکی ریاست بالٹی مور میں فرانسیسی فریگیٹ پر منعقد ہونا تھی۔ اخبار کے مطابق آج بروز جمعہ ہونے والی اس تقریب میں شرکت کے لیے واشنگٹن جانے والے فرانسیسی بحریہ کے اعلیٰ افسر اب ملک واپس لوٹ رہے ہیں۔

امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ کے درمیان طے پانے والا سہہ فریقی معاہدے سے ’’انڈو پفسیفک میں امن اور سکیورٹی کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔ فرانس اور آسٹریلیا کے درمیان سب میرینز بنانے کا ڈی سی این ایس نامی معاہدہ پہلے سے موجود تھا۔ مگر اب آسٹریلیا فرانس کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی بارہ روایتی سب میرینز بنانے کے لیے 40 ارب ڈالر مالیت کا یہ معاہدہ ختم کر رہا ہے۔

فرانس شدید برہم ہے اور سب فریقوں سے وضاحت طلب کر رہا ہے۔

فرانس انفو ریڈیو پر بات کرتے ہوئے فرانسیسی وزیرِ خارجہ یاں ایو لو دیگیاں نے کہا، "یہ پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔ ہم نے آسٹریلیا کے ساتھ اعتماد کا رشتہ قائم کیا اور اس اعتماد کو دھوکہ دیا گیا ہے"۔

ادھر یورپی یونین خارجہ پالیسی کے سربراہ یوزیپ بوریل نے فرانسیسی وزیر خارجہ کی شکایت کی تائید کرتے ہوئے کہا، ”میں نہیں سمجھتا کہ اس طرح کا کوئی معاہدہ ایک دو دن میں تیار ہو جاتا ہے۔ اس میں یقیناً کچھ وقت لگتا ہے اور اس کے باوجود ہم سے کسی نے رجوع نہیں کیا۔"

’انتہائی غیر ذمہ دارانہ فعل‘

چین نے امریکہ، آسٹریلیا اور برطانیہ کے دفاعی معاہدے'آکوس‘ کی مذمت کرتے ہوئے اسے 'انتہائی غیر ذمہ دارانہ‘ فعل قرار دیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جِیان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ”علاقائی امن اور استحکام کو بری طرح متاثر کرے گا اور اس سے اسلحے کی دوڑ میں شدت آ جائے گی۔"

مقبول خبریں اہم خبریں