.

دبئی کے سرکاری ملازمین کوایکسپو2020 کی سیرکے لیے 6 دن کی باتنخواہ چھٹی ملےگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد آلِ مکتوم نے امارت میں سرکاری ملازمین کو چھے دن کی خصوصی باتنخواہ چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔اس دوران میں وہ ایکسپو2020 دبئی کی سیرکرسکیں گے۔

سرکاری ملازمین اس چھے روزہ چھٹی کو ایکسپو 2020 کے چھے ماہ کے دورانیے میں کسی بھی وقت استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ نمائش یکم اکتوبر2021 سے31 مارچ 2022 ء تک جاری رہے گی۔اس کا موضوع ’اذہان کا رابطہ، مستقبل کی تخلیق‘ ہے۔

یواے ای کے سرکاری خبررساں ادارے وام کی رپورٹ کے مطابق ملازمین کو کل چھے دن کی چھٹی ملے گی اور اس کو وہ یکم اکتوبر کے بعد 31 مارچ 2022 تک نمائش کے دوران میں کسی بھی وقت استعمال کر سکیں گے۔ان چھٹیوں میں سرکاری ملازمین اپنے اہل خانہ کے ساتھ نمائش کا دورہ کرسکیں گے اور نمائش میں موجود مختلف عالمی مصنوعات کو دیکھ اور خرید کرسکیں گے۔

دبئی کے ولی عہد نے کہا:’’ایکسپو2020 ایک اہم تقریب ہوگی جو دنیا کومتحد کرے گی اور دنیا بھر سے متنوع ثقافتوں، علم کے دھاروں، تخلیقی نقطہ نظر اور اختراعات کو ایک ہی چھت تلے اکٹھا کرے گی۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’ہمارا مقصد ذہنوں کو جوڑنا اورایک روشن نیا مستقبل تخلیق کرنا ہے،نیز اس نمائش سے ایسے مثبت نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں جن سے دنیا کو فائدہ پہنچے۔ہم چاہتے ہیں کہ ہماری ٹیمیں تازہ عالمی پیش رفت سے آگاہ رہیں اوردنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے تخلیقی خیالات سے آگاہ رہیں۔‘‘

ان کا کہنا ہے:’’یہ بہت اہم ہے کہ ملازمین کو اس نمائش میں دکھائے جانے والے کامیاب تجربات اورخیالات سے سبق سیکھنے کا موقع ملے گا۔اس سے نئی حکمت عملیوں کو وضع کرنے میں مدد ملے گی اوریہ عوامل اگلے 50 سال میں متحدہ عرب امارات کے خواہشات پر مبنی اہداف کو پورا کرنے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ’’ہمارے پاس شاندارمستقبل تخلیق کرنے کا ایک غیرمعمولی موقع ہے اورہم چاہتے ہیں کہ ہماری ٹیمیں بہترین حل کے لیے کامیاب عالمی منصوبوں سےنئی بصیرت حاصل کریں۔‘‘