سعودی عرب نے بیرون ملک سفرپر روانہ ہونے والے شہریوں کے لیے 9 فروری سے کووڈ-19 کی ویکسین کی تیسری خوراک (بوسٹرشاٹ) لگوانا لازمی قرار دے دیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ تیسری تقویتی خوراک ان تمام لوگوں کے لیے دستیاب ہےجنھیں دوسری خوراک لگوائے تین ماہ گزرچکے ہیں۔البتہ سولہ سال سے کم عمرلڑکے،لڑکیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اسی طرح جو لوگ توکلنا ایپ میں استثنا کے زمرے میں نظرآتے ہیں،انھیں بھی بیرون ملک سفر کے لیے ویکسین کی تیسری خوراک لگوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
سعودی حکام نے ایک اور قانون کی بھی منظوری دی ہے،اس کے تحت مملکت میں آنے والے تمام لوگوں کو سعودی عرب روانگی اور پہنچنے سے قبل 48 گھنٹے کے اندر منفی پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔آٹھ سال سے کم عمربچّے اس ٹیسٹ کی ضرورت سے مستثنیٰ ہیں۔
دریں اثناء اگر کسی شہری کے کووڈ-19 کے پی سی آر کے ٹیسٹ کانتیجہ مثبت آیا ہے اورٹیسٹ کی تاریخ کے بعد سات دن گزرچکے ہیں،توایسے افراد منفی پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت کے بغیرمملکت میں داخل ہوسکتے ہیں لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ ایسے مسافروں نے مملکت کی منظورشدہ کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہوں۔
اگر سعودی عرب کی منظوری کے مطابق مملکت میں آنے والے مسافرکو مناسب طور پر ویکسین نہیں لگائی گئی ہے تواس کے مملکت میں داخل ہونے سے دس روز پہلے کا مثبت ٹیسٹ ہونا چاہیے اورایسے افراد کوسعودی عرب میں آمد کے بعد مزیدکسی ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔