متحدہ عرب امارات کے صدر الشیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ہفتے کے روز سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ہونے والے سلامتی اورترقی سربراہ اجلاس کے موقع پرعراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی اور کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمدالجابرالصباح سے ملاقات کی ہے۔
یواے ای کے سرکاری خبررساں ادارے وام کی رپورٹ کے مطابق الشیخ محمد نے عراق کے وزیراعظم الکاظمی سے ملاقات میں دونوں ممالک کے مفادات کی تکمیل کے لیےدو طرفہ تعلقات کے فروغ کے طریقوں کےعلاوہ ترقیاتی امور،اقتصادی اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون اورہم آہنگی کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
انھوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔
کویتی ولی عہد نے شیخ محمد سے ملاقات میں متحدہ عرب امارات اوراس کے عوام کی مزیدترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شیخ محمد اورشیخ مشعل نے متحدہ عرب امارات اور کویت کے تعلقات اوردونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ان میں اضافے کے طریقوں کے علاوہ جی سی سی ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کی حمایت پرتبادلہ خیال کیا۔انھوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کی۔
یہ ملاقاتیں عراق، اردن اور مصر کے علاوہ خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی ہیں۔ جی سی سی پلس تھری کے اس اجلاس میں امریکی صدر جوبائیڈن نے بہ طور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔
اس سربراہ اجلاس میں توانائی، افراط زر، غذائی سلامتی اور ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے پرغور کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ خطے میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ شراکت داری اور ہم آہنگی کوبڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔