ابوظبی کی ملکیتی فضائی کمپنی اتحادایئرویز نے 2022 کی پہلی ششماہی میں 29 کروڑ60 لاکھ ڈالر کا بنیادی چالو (آپریٹنگ) منافع حاصل کیا ہے۔اس نے ایک سال قبل 39 کروڑڈالر کا نقصان برداشت کرنے کے بعد یہ منافع حاصل کیا ہے۔
البتہ امارت کی سرکاری کمپنی نے اپنا خالص منافع ظاہر نہیں کیا ہے۔اس نے کہا کہ سود، ٹیکسوں، قدر میں کمی اور تخفیف (ای بی آئی ٹی ڈی اے) سے قبل اس کی آمدنی پہلی ششماہی میں بڑھ کر69 کروڑ ڈالرہوگئی ہے جبکہ 2021 کے اسی عرصے میں یہ آمدن صرف 60 لاکھ ڈالر تھی۔
اس کی آپریٹنگ آمدن 1.23 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.29 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔کمپنی کے چیف فنانشیل آفیسر ایڈم بوکاڈیڈا نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کیا ہے جس سے مسافروں کے حجم میں چارگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ اپنی لاگت کی بنیاد پر سخت گرفت رکھی ہے۔اس کے نتیجے میں فعال صلاحیت میں 46 فی صد اضافے کے باوجود ہماری آپریٹنگ لاگت میں صرف 26 فی صد اضافہ ہوا۔
اس سے قبل اتحادائیرویز کو مسلسل چھے سال تک خالص نقصانات کا سامنا ہوا ہے۔2016 سے گذشتہ سال تک اس کے کل نقصانات کا تخمینہ 7.8 ارب ڈالررہا ہے۔ اس نے چار سال قبل بحالی کے پانچ سالہ منصوبہ (ٹرن راؤنڈ پلان) کاآغاز کیا تھا اوراس نے گذشتہ سال کہا تھا کہ وہ 2023 تک منافع میں واپسی کا ہدف مقرر کررہی ہے۔