سی آئی اے ڈائریکٹرکی روسی ہم منصب سے ملاقات،یوکرین میں جوہری ہتھیارکےاستعمال پرانتباہ
امریکا کے مرکزی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس نے پیر کے روز اپنے روسی ہم منصب سے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ملاقات کی ہے اور ماسکو کو خبردار کیا کہ وہ یوکرین کے خلاف جنگ میں جوہری ہتھیار استعمال نہ کرے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سی آئی اے کے سربراہ نے روس کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے نتائج اور تزویراتی استحکام کے لیے کشیدگی میں اضافے کے خطرات کے بارے میں پیغام دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے اس عہدہ دار نے اس ملاقات سے قبل بتایا کہ ولیم برنس روس میں غیر منصفانہ طور پر حراست میں لیے گئے امریکیوں کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ امریکا یوکرین پر زور دے رہا ہے کہ وہ گذشتہ کئی ماہ سے جنگ کے خاتمے کے لیے روس کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے بارے میں اپنے مؤقف میں نرمی پیدا کرے لیکن واشنگٹن نے فوری طور پر اس خیال کو مسترد کردیا کہ برنس اس ضمن میں روسی انٹیلی جنس چیف سے بھی کسی قسم کی بات چیت کی کوشش کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے عہدہ دار نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پربتایا کہ وہ یوکرین میں جنگ کے حل پر بات نہیں کر رہے ہیں۔نیز امریکا نے یوکرین کے حکام کو برنس کے دورے کے بارے میں پیشگی آگاہ کردیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم مضبوطی سے اپنے بنیادی اصول پرقائم ہیں:یوکرین کے بغیریوکرین کے بارے میں کچھ بھی نہیں ہوگا‘‘۔