سبزالریاض:سعودی دارالحکومت کے رہائشی علاقوں میں جمعرات سے جامع شجرکاری مہم کاآغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی دارالحکومت میں ’’سبزالریاض‘‘ کے عنوان سے سب سے بڑا، مربوط اور جامع شہری شجرکاری منصوبہ جمعرات سے شروع کیا جارہا ہے۔اس کے تحت الریاض شہراور اس کے نواحی رہائشی علاقوں میں لاکھوں درخت لگائے جائیں گے۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق العزیزیہ محلے میں 54 باغات، 61 اسکولوں، 121 مساجد اورپارکنگ کی 78 جگہوں پر 6 لاکھ 23 ہزار درخت لگا کرزمین کی تزئین و آرائش کا آغاز کیا جائے گا۔

اس پروگرام کے تحت 120 سے زائد رہائشی علاقوں میں شجرکاری کی جائے گی۔ شجرکاری کے کام کے لیے ڈیزائن بین الاقوامی معیارات کے مطابق تیار کیے گئے ہیں اور اس میں مقامی ماحول کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

اس منصوبے کے نفاذ کے ساتھ ساتھ رہائشیوں کو ان کے پڑوس میں شجرکاری کے آغاز کے بارے میں آگاہی بڑھانے اورانھیں منصوبے کے مراحل اور مدت اور پڑوس کے مستقبل کے نقطہ نظر سے متعارف کرانے کے لیے بھی ایک مہم برپا کی جائے گی۔

منصوبہ کی تفصیل کو متعارف کرانے کے لیے ایک نمائش 29 دسمبر سے 7 جنوری تک العزیزیہ میں منعقد کی جائے گی۔ یہ نمائش دیگرعلاقوں میں بھی منعقد کی جائےگی۔ ان علاقوں میں النسیم، الجزیرہ، العریجہ، قرطبہ، الغدیر اور النخیل شامل ہیں۔ان علاقوں میں اس شجرکاری مہم پرعمل درآمد کے سمجھوتوں پردست خط کیے گئے ہیں۔

گرین الریاض ان چار عظیم الشان منصوبوں میں سے ایک ہے جو شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے 19 مارچ 2019 کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں عظیم منصوبوں کی کمیٹی کی نگرانی میں سعودی دارالحکومت میں شروع کیے تھے۔

سبزالریاض منصوبہ مملکت کے ویژن 2030 کا ایک اہم عنصر ہے اور یہ دنیا کے سرفہرست 100 شہروں میں سے ایک بننے اور بالآخراعلی ترین درجہ بندی حاصل کرنے کے لیے الریاض شہرکے چیلنجوں اوراہداف کا ایک اہم حصہ ہے۔

اس منصوبہ کےتحت دارالحکومت بھر میں 75 لاکھ درخت لگائے جائیں گے اور اس سے فی کس سبز جگہ میں 1.7 مربع میٹر سے 28 مربع میٹر تک اضافہ ہوگا اور شہر میں سبزے کی کل جگہ کو 9 فی صد یا 545 مربع کلومیٹر تک بڑھایا جائے گا۔

توقع ہے کہ اس منصوبہ سے ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور یہ درجہ حرارت کو کم کرنے میں اپنے کلیدی کردار کے علاوہ الریاض شہر کے اندراور باہرقدرتی رہائش گاہوں اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں