چین نے امریکا کےسینیرقانون سازمیکول پرتائیوان کا دورہ کرنے پرپابندی عایدکردی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

چین کی وزارت خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین مائیکل میکول پرتائیوان کا دورہ کرنے پر پابندی عاید کردی ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے تائیوان کی آزادی پسند علاحدگی پسند قوتوں کو سنگین غلط پیغام دیا ہے۔

چین تائیوان کو اپنا علاقہ قراردیتا ہے اورغیرملکی اور تائیوانی حکام کے درمیان تمام اعلیٰ سطح کے رابطوں پرسخت معترض ہے، خاص طور پراگر تائیوان کی صدر سائی انگ وین بھی ان روابط میں شامل ہوں۔

میکول نے گذشتہ ہفتے تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کا دورہ کیا تھا اور تائیوانی صدر سائی انگ وین سے ملاقات کی تھی۔انھوں نے تائیوان کی مسلح افواج کو تربیت دینے اور ہتھیاروں کی ترسیل میں تیزی لانے کےعزم کا اظہارکرتے ہوئے سائی سے ملاقات کی تھی۔

چین کی وزارت خارجہ کاکہنا ہے کہ ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے میکول نے اکثراپنےالفاظ اور اقدامات سے چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اورچین کے مفادات کو نقصان پہنچایا ہے۔

انھوں نے حال ہی میں تائیوان میں ایک وفد کی قیادت کی جس نے چین کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کو شدید نقصان پہنچایا اور تائیوان کی آزادی پسند علاحدگی پسند قوتوں کو سنگین غلط پیغام دیا۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ چین کے پابندیوں کے قانون کے مطابق میکول کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، ان کی چین میں تنظیموں اور افراد کے ساتھ بات چیت کرنے پرپابندی ہوگی اور چین میں ان کے کسی بھی اثاثے کو منجمد کردیا جائے گا۔

چین کا کہنا ہے کہ تائیوان امریکاکے ساتھ اس کے تعلقات میں سب سے اہم اورحساس مسئلہ ہے جبکہ تائیوان کی حکومت بیجنگ کے خود مختاری کے دعووں کو مسترد کرتی ہے۔

چین غیر ملکی قانون سازوں اورعہدے داروں پر پابندیاں عاید کرنے کا ٹریک ریکارڈ رکھتا ہے، اکثر چین پر تنقید کرنے، تائیوان کی حمایت میں بات کرنے یا جزیرے کا دورہ کرنے والے غیرملکی پابندیوں کی زد میں آجاتے ہیں۔گذشتہ سال تائی پے کے دورے کے بعد لتھوینیا کی ایک نائب وزیر کو بھی چین کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

2021ءکے اوائل میں چین نے جوبائیڈن کے امریکا کے نئے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے چند منٹ بعد سابق وزیرخارجہ مائیک پومپیو سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے بعض عہدے داروں پر پابندیاں عاید کردی تھیں۔چین نے تائیوان کے کئی اعلیٰ عہدے داروں پر بھی پابندیاں عاید کی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں