برازیل کے صدر لوئیزاناسیو ڈی سلوا نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے موقع پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور حیاتیاتی ایندھن کو فروغ دینے سے متعلق متعدد معاہدوں کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے چین کے دورے سے وطن واپسی پر ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارتی اورسیاسی تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا۔
بعد میں برازیل کے ٹی وی گلوبو سے مختصرگفتگو میں انھوں نے کہا کہ یہ انتہائی نتیجہ خیز دورہ تھا۔دونوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ’’دونوں صدورنے تجارت، ٹیکنالوجی، دفاع،شہری ہوا بازی اورتحفظ خوراک سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور دیگرموضوعات پرتبادلہ خیال کیا ہے‘‘۔
انھوں نے متعدد معاہدوں کا بھی اعلان کیا۔ان میں شمال مشرقی برازیل میں متحدہ عرب امارات کے زیر انتظام ماتریپ ریفائنری کے لیے خطے میں بائیوڈیزل منصوبے میں ڈھائی ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقدامات میں تعاون شامل ہے۔
متحدہ عرب امارات اس سال کے آخرمیں اقوام متحدہ کے زیراہتمام کوپ 28 ماحولیاتی مذاکرات کی میزبانی کرنے والا ہےاوربرازیل 2025 کے ایڈیشن کی میزبانی کا امیدوارہے۔دونوں ممالک نے کہاکہ انھوں نے ماحول کے تحفظ اور پُرعزم موسمیاتی اقدامات کے لیے باقی دنیا کی حوصلہ افزائی کی غرض سے مل کرکام کرنے سے اتفاق کیا ہے۔