کویت نے دو طرفہ لیبرمعاہدے کی مبیّنہ خلاف ورزی کے بعد فلپائن کے شہریوں کے لیے ہر قسم کے ورک اورانٹری ویزے معطل کردیے ہیں۔
مقامی اخبارکویت ٹائمز کے مطابق وزیرداخلہ شیخ طلال الخالد الصباح نے ویزا کی خلاف ورزی کے بعد فلپائنیوں کے کسی نئے ویزے کا اجراروکنے کا حکم دیا ہے۔
اخبارنے وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلپائن کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان لیبر معاہدے کی شقوں پرعمل نہ کرنے کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
فلپائن نے فروری میں ایک35سالہ گھریلوملازمہ کے بہیمانہ قتل کے بعد پہلی بارکویت میں کام کرنے والے ملازمین، خاص طور پرگھریلو ملازمین کے خلیجی ریاست میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔اس فلپائنی ملازمہ کو اس کے کویتی آجر کے نوعمربیٹے نے سفاکانہ طریقے اندازمیں قتل کردیا تھا۔
فلپائنی حکومت نے حال ہی میں کویت میں نئی بھرتی ایجنسیوں کی توثیق بھی معطل کردی ہے۔اس وقت قریباً 268،000 فلپائنی تارکینِ وطن کویت میں ملازمتیں کرتے ہیں۔فلپائن کے محکمہ تارکین وطن ملازمین کے اعداد وشمار کے مطابق،صرف 2022 میں فلپائنی کارکنوں کے خلاف نارواسلوک کے 24،000 سے زیادہ واقعات ریکارڈ کیے گئے تھے۔
فلپائن کے تارک وطن کارکنوں کے امورکی سیکریٹری سوزن اوپل نے جنوری میں کہا تھا کہ حکام کی ایک ٹیم فلپائنی کارکنوں کے خلاف بدسلوکی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی تحقیقات کے علاوہ کویتی حکام کے ساتھ مل کرروک تھام کے اقدامات کے لیے کام کرے گی۔
ان کے مطابق فلپائنی باشندوں کےجنسی استحصال اورعصمت ریزی، انسانی اسمگلنگ،مزدوری کے معاہدے کی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی برطرفیوں سے متعلق شکایات عام ہیں۔ان کے علاوہ کویت میں گھریلو ملازمین کی تن خواہوں میں تاخیریاعدم ادائی، کام کے طویل اوقات، سونے کے غیرآرام دہ انتظامات اور ان کے پاسپورٹ اور ذاتی سامان ضبط کرنے کی بھی عام اطلاعات ہیں۔