سعودی عرب:کافی کریمرمیں چھپائی گئی کیپٹاگون کی 80 لاکھ سے زیادہ گولیاں برآمد
دارالحکومت الریاض میں تین شامی باشندے اوردو پاکستانی شہری منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار
سعودی عرب میں حکام نے کافی کریمرکی ایک کھیپ میں چھپائی گئی کیپٹاگون کی 82 لاکھ 80 ہزار 78 گولیاں ضبط کرلی ہیں اوراس دھندے میں ملوّث پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی عرب کی نظامت عامہ برائے انسداد منشیات کے ترجمان میجرمروان الحزمی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ دارالحکومت الریاض میں تین شامی باشندوں اور دو پاکستانی شہریوں کو منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ان کے خلاف ابتدائی قانونی کارروائی کی گئی اورانھیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔ان میں سے ایک شامی شہری کے ویزے کی میعاد ختم ہوچکی تھی۔
گذشتہ روز ساحلی شہر جدہ میں ایک فوجداری عدالت نے 17 سعودی شہریوں اور ایک شامی باشندے کو مختلف قسم کی منشیات کے استعمال اور رکھنے کے جرم میں مجموعی طورپر80 سال قید کی سزا سنائی تھی۔مقامی میڈیا کے مطابق اس گروپ کو کوکین، ہیش اور کرسٹل میتھ رکھنے اوراستعمال کرنے کے جرم میں سزاسنائی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نظامتِ عامہ برائے انسدادِمنشیات نے تمام شہریوں اورمکینوں پرزوردیا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یااس کے فروغ سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔رابطہ کرنے پران کی فراہم کردہ تمام معلومات کو سختی سے خفیہ رکھا جائے گا۔