اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد نے اٹلی میں اختتام ہفتہ پر کشتی کے حادثے میں اپنے ایک ریٹائرڈ ایجنٹ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اٹلی کے شمال میں واقع قصبے لیسانزا میں ایک جھیل میں کرائے پر لی گئی ایک ہاؤس بوٹ میں سابق ایجنٹ سمیت 22 افراد تفریح کررہے تھے۔اس دوران میں اچانک طوفان آجانے کی وجہ سے ان کی کشتی الٹ گئی اور اس میں سوار چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ان میں موساد کا ایک ریٹائرڈ ایجنٹ بھی شامل تھا۔
اس حادثے میں دو اطالوی انٹیلی جنس ایجنٹ اور کشتی کے دورکنی عملہ میں شامل ایک روسی خاتون بھی ہلاک ہو گئی ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے موساد کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان کہا گیا ہے کہ نامعلوم ایجنٹ کی باقیات تدفین کے لیے اسرائیل واپس بھیج دی گئی ہیں۔
اس سے قبل وزارت خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز سے ریٹائر ہونے والے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے لیکن اس نے اس کا نام یا عمر یا اس کے پیشہ ورانہ پس منظر کے بارے میں تفصیل فراہم نہیں کی تھی۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ ایجنسی میں ایجنٹ کے کام کی وجہ سے مزید تفصیل ظاہر نہیں کی جا سکتی اوراس کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
اطالوی پولیس نے منگل کے روز کہا تھا کہ اس کے پاس زندہ بچ جانے والے 19 دیگر افراد کی شناخت یا پیشوں کے بارے میں مزید معلومات نہیں ہیں۔ کچھ تیر کر ساحل تک پہنچنے میں کامیاب رہے تھے، جبکہ باقی افراد کو دیگر کشتیوں کے ذریعے نکال لیا گیا تھا۔
اطالوی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک نجی طیارے کے ذریعے زندہ بچ جانے والے دیگر اسرائیلیوں کو اٹلی سے باہر منتقل کردیا گیا تھا۔