امریکی صدر جو بائیڈن کی ایک اور بھول چوک سامنے آگئی، اس مرتبہ بائیڈن وائٹ ہاؤس میں بھارتی وزیر اعظم کا استقبال کرتے ہوئے غلطی کھا گئے ہیں۔
بائیڈن نے جمعرات کی صبح اپنی شرمساری کا ایک اور منظر دنیا کو پیش کیا۔ انہوں نے ہندوستانی قومی ترانہ بجانے کے دوران اپنے دل پر ہاتھ رکھ لیا اور وائٹ ہاؤس میں بھارتی وزیر اعظم مودی کا استقبال کیا۔ یہ صدر بائیڈن کی حالیہ ترین لغزش تھی۔
یہ شرمناک صورتحال تقریباً 7 ہزار افراد کی موجودگی میں پیش آئی۔ بائیڈن بھارتی وزیر اعظم کے اعزاز میں منعقد ہونے والی پارٹی کے مہمان تھے۔ امریکی فوج کے پرانے گارڈ کے ایک بینڈ نے جنوبی لان میں حب الوطنی پر مبنی موسیقی بجائی۔
Biden, alongside Indian Prime Minister Narendra Modi, slowly lowers his hand from his heart after realizing they're playing the Indian national anthem first pic.twitter.com/hcb0cpjFmN
— RNC Research (@RNCResearch) June 22, 2023
جب ہندوستانی قومی ترانے کے پہلے نوٹ شروع ہوئے تو بائیڈن نے اپنا دایاں ہاتھ اپنے بائیں سینے پر اٹھایا اور اسے تقریباً 15 سیکنڈ تک وہیں چھوڑ دیا۔ پھر انہوں نے اسے آہستہ آہستہ نیچے کیا۔ انہیں بظاہر یہ احساس ہوا کہ بینڈ امریکی قومی ترانہ نہیں بجا رہے تھے۔
صدر ماضی میں بہت سے غلطیوں کا ارتکاب کر چکے ہیں۔ کبھی وہ اپنے عہدیداروں کا نام بھول جاتے ہیں اور کبھی دنیا بھر کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی زبان پھسل جاتی ہے۔
واضح رہے بائیڈن نے 20 نومبر 2022 کو اپنی 80 ویں سالگرہ منائی ہے۔ اگر وہ اگلا امریکی صدارتی الیکشن جیت جاتے ہیں تو وہ اپنی دوسری میعاد کے آغاز میں 82 سال کے ہو جائیں گے۔ اس ممکنہ دوسری مدت صدارت کے خاتمے پر ان کی عمر 86 برس کی ہو جائے گی۔ ڈیموکریٹک کیمپ میں ان کی عمر ایک بہت حساس مسئلہ بن گئی ہے۔
اپریل میں سی این این کے ایک سروے میں صرف ایک تہائی امریکی شہریوں نے بائیڈن کے 2024 میں دوبارہ منتخب ہونے کی تائید کی تھی۔