متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، آندھی اور ریت کا طوفان
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے بعض علاقوں میں ہفتے کے روز تیز ہواؤں، شدید بارش اور ریت کے طوفان نے تباہی مچا دی۔پولیس اور موسم کی پیشین گوئی کرنے والے حکام نے مکینوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔
یو اے ای کے قومی مرکز موسمیات (این سی ایم ایس) نے ہفتہ کو دوپہر 12 بج کر 36 منٹ پر وارننگ جاری کی تھی کہ دوپہر ایک بجے سے رات آٹھ بجے کے درمیان موسم خراب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے دبئی اور العین سمیت ملک کے مختلف حصوں میں 45 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں اور جھکڑچلنے کی پیشین گوئی کی ہے۔
Summer rain in #Dubai 🌞 🌧️ pic.twitter.com/qI6RNwdd25
— Ciprian Amariei (@acip) August 5, 2023
دبئی کے جنوب مشرقی علاقوں کے مکینوں نے سوشل میڈیا پر شدید بارش اور تیز آندھی کی اطلاع دی گئی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف نے اپنی بالکونی سے شدید بوندا باندی کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے اور لکھا ہے:’’'دبئی میں موسم گرما کی بارش‘‘۔
دبئی کی ایک خاتون مکین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انھوں نے دبئی میں واقع فیئرویزایسٹ ٹاور میں اپنے بلندوبالا اپارٹمنٹ سے پہلی مرتبہ اس انداز میں شدید بارش اور تیز ہوائیں دیکھی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’’یہ بہت خوف ناک منظر تھا۔ہم بیٹھے ہوئے تھے اوربیڈروم سے باہر دیکھ رہے تھے۔ اچانک طوفان آیا اورتمام بڑی چھتریاں ہمارے تالاب میں اڑنے لگیں۔آپ عمارت کی تمام بالائی منزلوں سے صحن کا فرنیچر اور کپڑے اڑتے ہوئے دیکھ سکتے تھے۔ یہ بالکل پاگل پن تھا‘‘۔
قومی مرکز موسمیات نے ہفتہ کی دوپہر سے اتوار اور پیر کو امارات کے مشرقی حصوں میں بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔
ابوظبی پولیس نے دبئی سے العین روڈ پر رفتار کی حد عارضی طور پر140 کلومیٹر فی گھنٹا سے کم کرکے 120 کلومیٹر فی گھنٹا کر دی ہے اور موٹر سائیکل سواروں پر زور دیا ہے کہ وہ بارش کے موسم کی وجہ سے احتیاط برتیں۔
آیندہ پانچ روز کے دوران ابوظبی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہنے کا امکان ہے تاہم دبئی میں درجہ حرارت قدرے کم رہے گا۔