ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ بیرون ملک جاری کیے گئے اثاثوں کو ملکی پیداوار بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
گذشتہ ہفتے ایران اور واشنگٹن کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ایران میں قید پانچ امریکی شہریوں کو رہا کیا جائے گا جبکہ جنوبی کوریا میں موجود چھے ارب ڈالر کے ایرانی اثاثوں کوغیرمنجمد کر کے قطر کے ایک ایسے اکاؤنٹ میں منتقل کیاجائے گا جس تک ایران رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی فنڈز کو محدود اکاؤنٹ میں رکھا جائے گا اور اسے خوراک یا ادویہ کی خریداری جیسے انسانی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
ایران نے پہلے قدم کے طور پر حراست میں لیے گئے چار امریکی شہریوں کو تہران کی ایون جیل سے گھر میں نظربند کرنے کی اجازت دے دی ہے۔پانچواں شخص پہلے ہی گھر میں نظربند تھا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت امریکا کچھ ایرانیوں کو امریکی جیلوں سے رہا کرے گا۔