زیمبیا میں حکام نے ایک چارٹرڈ پرائیویٹ طیارہ قبضے میں لینے کے بعد اس میں سوار کئی غیرملکیوں کو حراست میں لیا ہے جب کہ طیارے سے بڑی مقدار میں سونا اور امریکی کرنسی میں رقم برآمد کی گئی ہے۔
یہ طیارہ منگل کی شام قاہرہ سے زیمبیا پہنچا تھا جس میں 6 مصری، ایک ولندیزی، ایک ہسپانوی، ایک لیٹوینی شہری اور زیمبیا کا ایک شہری سوار تھے۔ انہیں تفتیش کے لیے حراستی مرکز میں منتقل کر دیا گیا۔
زیمبیا کے انسداد منشیات کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل نیسن پانڈا نے گذشتہ روز زیمبیا کے دارالحکومت لوساکا میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اس واقعے کی تفصیل بیان کی۔
پانڈا نے کہا کہ طیارہ "خطرناک سامان" لے کر دارالحکومت کے کینتھ کاؤنڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا، جہاں انسپکٹرز کو 56 لاکھ ڈالر کے پیکٹ اور 127.2 کلو گرام وزنی سونے کے 602 ٹکڑے ملے۔ اس کے علاوہ جہاز سے 5 پستول اور 126 گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ آپریشن کے نتیجے میں نجی طیارہ قبضے میں لے لیا گیا۔ طیارہ مقامی ایئر لائن کا تھا"۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ رقم بینک آف زیمبیا کی تحویل میں دی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کانوں اور معدنیات کی ترقی کے وزیر پال کاپوسوئی نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور کہا کہ جہاز سے جو سونا ملا ہے وہ 4 ڈبوں میں پیک تھا جس میں 58 سے 61 فیصد تانبا، 38 سے 41 فیصد زنک اور ٹین کی مقدار کا پتہ چلتا ہے۔