اولمپک چیمپیئن نیراج چوپڑا نے ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں جاری عالمی ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں سونے کا تمغا جیت لیا ہے اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بھارتی بن گئے ہیں۔انھوں نے مردوں کے جَیولین تھرو کے مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
چوپڑا نے ٹوکیو میں اولمپک طلائی تمغا جیتا تھا لیکن پچھلے سال یوجین میں عالمی مقابلوں میں صرف چاندی کا تمغا جیت سکے تھے۔اس سے قبل عالمی مقابلوں میں تمغا جیتنے والی واحد بھارتی ایتھلیٹ انجو بوبی جارج تھیں۔انھوں نے 2003 میں پیرس میں خواتین کی لمبی چھلانگ میں کانسی کا تمغا جیتا تھا۔
25 سالہ چوپڑا نے اپنی دوسری کوشش میں 88.17 میٹر تھرو پھینکی۔اس کے فوراً بعد انھوں نے اپنی پیٹھ موڑ لی اور اپنے بازوؤں کے ساتھ ٹریڈ مارک انداز میں جشن منایا۔
پاکستان کے ارشد ندیم کوہنی کی سرجری اور گھٹنا زخمی ہونے کے بعد کسی بین الاقوامی مقابلے میں واپس آئے تھے۔انھوں نے چاندی کا تمغا جیتنے کی تیسری کوشش میں 87.82 میٹرتھرو پھینکی۔ یہ ان کی بہترین کوشش تھی جبکہ جمہوریہ چیک کے جاقوب وادلیجچ نے 86.67 میٹر تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغا جیتا ہے۔