امریکی محکمہ خارجہ نے مارٹینا اسٹرانگ کو متحدہ عرب امارات میں بہ طور سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔وہ عہدے کا حلف اٹھانے پر اب 2021 کے بعد متحدہ عرب امارات میں امریکا کی پہلی باضابطہ سفیر ہوں گی۔
صدر جو بائیڈن نے قریباً ایک سال قبل مارٹینا اسٹرانگ کا بہ طور سفیرتقرر کیا تھا۔محکمہ خارجہ میں ان کی حلف برداری کے موقع پر قائم مقام نائب وزیرخارجہ ٹوری نولینڈ، مشرق قریب کے امور کی معاون وزیرخارجہ باربرا لیف اور دیگر حکام موجود تھے۔
اس موقع پر اسٹرانگ نے کہا کہ ’’ہمارے درمیان مضبوط تعاون ہمارے ممالک کی بنیادی ترجیحات کی قریبی صف بندی کی عکاسی کرتا ہے اور یہ تعاون ہماری مشترکہ سلامتی اور خوش حالی کو تقویت دیتا ہے‘‘۔
اسٹرانگ ایک پیشہ ور سفارت کار ہیں اور سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے کی عبوری ناظم الامور کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔وہ جان راکولٹا کی جگہ لیں گی، جنھیں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقرر کیا تھا۔
اس سے قبل وہ بلغاریہ، عراق، جمہوریہ چیک اور بارباڈوس میں امریکی سفارت خانوں میں خدمات انجام دے چکی ہیں اور عربی، چیک، پولش، فرانسیسی، جرمن، روسی اور بوسنیائی زبانیں روانی سے بولتی ہیں۔
نائب وزیرخارجہ ٹوری نولینڈ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا:’’کمیونسٹ چیکوسلواکیہ میں اپنے بچپن سے لے کر فورٹ ورتھ، ٹیکساس میں 14 سال کی عمر میں ایک نئی زندگی اور پھر سفیر کے طور پر ہمارے ملک کی نمائندگی کرنے تک، مارٹینا امریکی خواب کی علامت ہیں اور متحدہ عرب امارات میں شاندار کام کریں گی‘‘۔