سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کی طرف سے غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور غزہ سے فلسطینیوں کے جبری نقل مکانی کی مذمت کی ہے۔
وہ عرب افریقی کانفرنس سے افتتاحی خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا 'ہم ناجائز اسرائیلی قبضے، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔'
عرب افریقی ملکوں کی یہ کانفرنس بین الملکی اقتصادی تعاون کے سلسلے میں طلب کی گئی ہے۔ کانفرنس کا آغاز جمعہ کے روز سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوا ہے۔
ولی عہد نے اس موقع پر مملکت اور افریقی ممالک تعاون اور معاہدوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا مملکت کی طرف سے 54 افریقی ممالک کے لیے 45 ارب ڈالر کی خطیر رقم ترقیاتی منصوبوں اور انسانی امداد کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے بتایا 46 افریقی ملکوں میں شاہ سلمان ریلیف فنڈ کے حوالے 450 ملین ڈالر کی رقم پیش کی گئی ہے۔
ولی عہد نے کہا 'ہم افریقی ملکوں میں تجارتی معاہدات، ترقیاتی تعاون اور باہمی شراکت کو اہمیت دیتے ہیں اور شاہ سلمان ترقیاتی انیشیٹو کے تحت افریقی ملکوں کے لیے منصوبوں کے اعلان پر خوش ہیں۔'
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا 'شاہ سلمان ترقیاتی فنڈ کے تحت پانی کےممنصوبوں پر ایک ارب ڈالر خرچ کیا جائے گا، جبکہ مختلف شعبوں میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔'