ایک لاثانی تقریب؟ ایشیا کے امیر ترین آدمی کا اپنے بیٹے کے قبل از شادی معاہدے کا جشن
تقریب میں دنیا بھر سے کاروباری افراد، فنکار شخصیات اور سربراہانِ مملکت جلوہ افروز ہوں گے
جب ایشیا کے امیر ترین شخص کے بیٹے کی شادی ہونے والی ہو تو سوچیں کیا ہوگا اور یہ تقریب کیسی ہو گی؟
شادی کی حقیقی تقریب سے چار ماہ قبل اننت امبانی کے والد نے قبل از شادی معاہدے کی خوشی منانے کے لیے سہ روزہ تقریبات کا انعقاد کیا ہے۔
دنیا بھر کے ٹائیکونز اور سربراہانِ مملکت کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے ستارے جمعہ کے روز ہندوستان کے چھوٹے سے مغربی شہر جام نگر میں اترے جہاں ارب پتی صنعت کار مکیش امبانی اپنے چھوٹے بیٹے کی شادی کی ایک بڑی تقریب کا آغاز کر رہے ہیں۔
تقریباً 1200 افراد پر مشتمل مہمانوں کی فہرست میں پاپ سپر اسٹار ریانہ، بل گیٹس، مارک زکربرگ، سندر پچا، ایوانکا ٹرمپ اور بالی ووڈ کی مشہور شخصیت شاہ رخ خان شامل ہیں۔
تمام نظریں 28 سالہ اننت امبانی اور ان کی دیرینہ گرل فرینڈ 29 سالہ رادھیکا مرچنٹ پر ہیں جو جولائی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گے۔ رادھیکا اینکور ہیلتھ کیئر پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او ویرن مرچنٹ اور کاروباری خاتون شیلا مرچنٹ کی بیٹی ہیں۔
اس طرح کے جشن امبانی خاندان کی شاہانہ اور غیر معمولی تقریبات کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہندوستانی ارب پتی آدمی کی معاشی اور سیاسی طاقت کو ظاہر کرتے ہیں۔
یہاں وہ سب کچھ درجِ ذیل ہے جس کی آپ کو خاندان اور قبل از وقت شادی کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے جس نے ملک کو گرویدہ بنا لیا۔
مکیش امبانی کون ہیں؟
فوربز کے مطابق 66 سالہ مکیش امبانی اس وقت دنیا کے 10ویں امیر ترین آدمی ہیں جن کی مجموعی مالیت 115 بلین ڈالر ہے۔ وہ ایشیا کے امیر ترین شخص بھی ہیں۔
ان کی ریلائنس انڈسٹریز ایک بہت بڑا گروپ ہے جو سالانہ آمدنی میں 100 بلین ڈالر سے زیادہ کی رپورٹ کرتا ہے جس میں پیٹرو کیمیکل، تیل اور گیس سے لے کر ٹیلی کام اور ریٹیل تک کے کاروبار شامل ہیں۔
امبانی کی قیادت میں ریلائنس - جس کی بنیاد ان کے والد نے 1966 میں رکھی تھی - نے 2016 میں فور جی فون اور براڈ بینڈ سروس جیو کے آغاز کے ساتھ ٹیلی کام کی قیمتوں کی جنگ چھیڑ دی۔ آج اس کے 420 ملین سے زیادہ صارفین ہیں اور فائیو جی خدمات پیش کرتے ہیں۔ اس ہفتے کے شروع میں ڈزنی نے اپنے ہندوستانی کاروبار کو امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز کے ساتھ ضم کرنے کے لیے 8.5 بلین ڈالر کا معاہدہ کیا جس سے میڈیا کی ایک نئی بہت بڑی کمپنی بنی۔
دیگر اثاثہ جات کے علاوہ امبانی خاندان ممبئی میں 1 بلین ڈالر مالیت کی اینٹیلا نامی 27 منزلہ نجی اپارٹمنٹ عمارت کا مالک ہے۔ اس میں تین ہیلی پیڈ، 160 گاڑیوں کا ایک گیراج، ایک نجی مووی تھیٹر، ایک سوئمنگ پول اور ایک فٹنس سینٹر ہے۔
امبانی کے ناقدین کہتے ہیں کہ ان کی کمپنی نے بنیادی طور پر 1970 اور 80 کے عشروں میں کانگریس کی حکومتوں کے دوران اور پھر 2014 کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں سیاسی روابط کی وجہ سے ترقی کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ "کاروباری افراد کے حکومتی ایوانوں میں تعلقات کی بنا پر ہونے والی سرمایہ کاری"نے مخصوص مثلاً امبانی کے جیسے کارباری اداروں کی پرورش میں مدد کی ہے۔
66 سالہ مکیش امبانی نے اپنے دو بیٹوں اور بیٹی کو مشعل دینا یعنی وراثت کی منتقلی شروع کر دی ہے۔ سب سے بڑے بیٹے آکاش امبانی اب ریلائنس جیو کے چیئرپرسن ہیں۔ ان کی بیٹی ایشا ری ٹیل کی نگرانی کرتی ہیں؛ اور کم عمر ترین بیٹے اننت — جو جولائی میں شادی کریں گے — کو توانائی کے نئے کاروبار میں شامل کیا گیا ہے۔
کیا آپ ایک لاثانی پارٹی چاہتے ہیں؟ تو امبانی خاندان آپ کی پشت پر موجود ہے
گراں قیمت تقریبات امبانیوں کی خاصیت ہیں۔
2018 میں جب امبانی کی بیٹی کی شادی ہوئی تو انہوں نے شادی سے پہلے کی تقریبات میں ہالی وڈ کی سنسنی خیز پاپ گلوکارہ بیونسے کے ساتھ شاندار تقریبات کی وجہ سے سرخیوں میں جگہ بنائی۔ اس وقت سابق امریکی سیکرٹری خارجہ ہلیری کلنٹن اور جان کیری ان لوگوں میں شامل تھے جو مغربی ہندوستان کے شہر ادے پور میں ہندوستان کی مشہور شخصیات اور بالی ووڈ ستاروں کے ساتھ گھل مل گئے۔
اُس سال کے آخر میں مسرور جوڑے ایشا امبانی اور آنند پیرامل نے اٹلی میں خوبصورت جھیل کومو کے کنارے اپنی منگنی کا باضابطہ طور پر جشن منایا۔دسمبر 2018 میں ان کی شادی ہوئی
رقص و ہنگام سے بھرپور قبل از شادی تقریب کے بارے میں کیا بات اتنی دلچسپ و دلکش ہے؟
سہ روزہ قبل از شادی تقریب جولائی میں ہونے والی شادی میں متوقع تمول کی ایک جھلک پیش کرتی ہے۔
امبانی اسے اپنے خاندان کے آبائی شہر جام نگر میں منا رہے ہیں – جو ریاست گجرات کے قریب صحرائی حصے میں 600,000 کے قریب آبادی کا شہر ہے – جہاں ان کے کاروبار کی اہم آئل ریفائنری بھی ہے۔
مہمان جانوروں کے ریسکیو مرکز کا دورہ کرنے کے لیے جنگل کی تھیم والے لباس پہنیں گے جسے ہونے والے دولہا اننت چلاتے ہیں۔ "ونتارا" یا "جنگل کا ستارہ" کے نام سے معروف 3,000 ایکڑ (تقریباً 1,200-ہیکٹر) پر محیط ریسکیو مرکز بدسلوکی، زخمی اور خطرے سے دوچار جانوروں خاص طور پر ہاتھیوں کی پناہ گاہ ہے۔
دعوت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مہمان ہر دن ایک نئے ڈریس کوڈ کے ساتھ شروع کریں گے جس میں موڈ بورڈز اور ہیئر اسٹائلسٹ، میک اپ آرٹسٹ اور ہندوستانی لباس ڈیزائنرز کی ایک فوج ان کے ہوٹل میں تیاری میں مدد دینے کے لیے موجود ہوگی۔
ایک مندر کے احاطے میں روایتی ہندو تقریبات بھی ہوں گی
مہمانوں کو جن میں سے بہت سے چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے آنے والے ہیں، تقریباً 100 باورچیوں کے تیار کردہ 500 پکوان پیش کیے جائیں گے۔
مہمانوں کی فہرست میں قطر کے وزیرِ اعظم محمد بن جاسم الثانی؛ کینیڈا کے سابق وزیر اعظم سٹیفن ہارپر اور بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسار نامگیال وانگچک اور ملکہ جیٹسن پیما بھی شامل ہیں۔
بدھ کے روز امبانی خاندان نے قریبی گاؤں میں رہنے والے 51,000 لوگوں کے لیے ایک کمیونٹی غذائی سروس کا اہتمام کیا۔