معروف ماہر لسانیات اور امریکی پروفیسر نوم چومسکی کی اہلیہ ویلیریا واسرمین چومسکی نے کہا ہے کہ مشہور سماجی کارکن کی موت کی خبریں غلط ہیں۔
امریکی فلسفی کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ نوم چومسکی حیات ہیں اوران کے انتقال کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوم چومسکی کو برازیل کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن اب وہ روبصحت ہیں۔
یاد رہے کہ نوم چومسکی 2015 سے برازیل میں رہائش پذیر ہیں، نوم چومسکی، جو کہ امریکی خارجہ پالیسی کے سخت ناقد ہیں، میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں کئی دہائیوں تک پڑھاتے رہے، 2017 میں، انہوں نے ٹکسن میں ایریزونا یونیورسٹی کے کالج آف سوشل اینڈ بیہیویورل سائنسز میں شمولیت اختیار کی۔
نوم چومسکی ایک امریکی پروفیسر اور دانشور ہیں جو لسانیات میں اپنے کام کے لیے مشہور ہیں، انہیں جدید لسانیات کا بانی بھی کہا جاتا ہے، نوم چومسکی تجزیاتی فلسفے کی ایک بڑی شخصیت اور علمی سائنس کے میدان کے بانیوں میں سے ایک ہے۔
نوم چومسکی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم اور بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا کے خلاف کئی بار آواز بلند کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ ناور مفکر نے امریکا کی اپوزیشن جماعت ریپبلکن سے متعلق کہا تھا کہ ری پبلکن پارٹی انسانی تاریخ کی خطرناک ترین تنظیم ہے۔