عراق کی الانبار گورنریٹ میں ایک شادی میں رات کا کھانا کھانے کے بعد 100 سے زائد افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو گئے۔
’’ العربیہ‘‘ کے نامہ نگار نے اپنے مراسلے میں بتایا ہے کہ زخمیوں کو وصول کرنے والے ’’الکرمہ‘‘ ہسپتال نے تصدیق کی ہے کہ ہسپتال پہنچنے والے مریض فوڈ پوائزننگ کی علامات میں مبتلا تھے اور ان کی حالت معدے میں درد، اعلی درجہ حرارت اور قے کی وجہ سے انتہائی تشویشناک تھی۔ طبی عملے کے فوری متحرک ہونے کی ضرورت تھی۔
ہسپتال ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ طبی عملے نے مریضوں کو فوری طبی دیکھ بھال فراہم کرنے، بذریعہ انجکشن لیکویڈ فراہم کرنے اور علامات کو دور کرنے اور جسم کو زہریلے مادوں سے پاک کرنے کے لیے مناسب علاج فراہم کیا۔ ہسپتال کے طبی ذرائع نے تصدیق کی کہ مریضوں کی حالت اب مستحکم ہے تاہم متاثرین مسلسل نگرانی میں ہیں۔